ویرات کے گلے میں شادی کی انگوٹھی؟

گذشتہ ماہ 11 دسمبر کو اٹلی کے شہر میلان میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے شادی سے قبل ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی اور اب خبریں ہیں کہ کوہلی کو یہ انگوٹھی اتنی بھائی کہ کیپ ٹاؤن میں میچ پریکٹس کے دوران  انہوں نے مبینہ طور پر یہی انگوٹھی گلے میں پہن لی۔

کوہلی اور انوشکا، اِن دنوں جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے نئے سال کا جشن بھی ساتھ منایا اور مختلف مقامات کی سیر کرنے کے ساتھ ساتھ شاپنگ بھی کی۔

اور ان ساری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی میچ پریکٹس بھی جاری ہے، جن کی ٹیم 5 جنوری سے جنوبی افریقا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے جارہی ہے۔

حال ہی میں کیپ ٹاؤن میں میچ پریکٹس کے دوران کوہلی کے گلے میں مبینہ طور پر چین کے ساتھ منسلک ایک انگوٹھی نظر آئی، جس کی تصویر وائرل ہوگئی۔

اب کوہلی نے واقعی شادی کی انگوٹھی گلے میں ڈال رکھی ہے یا نہیں، یہ تو وہی بتاسکتے ہیں، لیکن اس تصویر پر لوگوں نے تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ کپتان ویرات کوہلی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کرکے بہت خوش ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے شادی کی انگوٹھی ہی گلے میں ڈال لی۔

واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین 3 ٹیسٹ میچز، 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

تعارف: newseditor