سلمان بٹ اور کامران اکمل بالآخر چیخ پڑے

سلمان بٹ اور کامران اکمل قومی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر چیخ پڑے،سابق کپتان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو کھلایا گیا مگر انہیں نہیں جبکہ وکٹ کیپر کا خیال ہے کہ وہ واپسی کیلئے درکار عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز حیدر آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ اور کامران اکمل کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ اس معاملے پر تو بولتے ہیں جس پر ان کا اختیار نہیں ہوتا مگر اس پہلو پر بات نہیں کرتے جہاں انہیں اپنی رائے دینا چاہئے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں رمیز راجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کا بس چلے تو بدعنوان کھلاڑیوں کو واپس ہی نہ آنے دیں۔ اس حوالے سے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں اپنی سزا مکمل کر چکے اور ان کی حالیہ کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو قومی ٹیم میں کھلایا جا رہا ہے لہٰذا انہیں نہ کھلانے کا جواب سلیکٹرز اور کوچ سے مانگنا چاہئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا تھا کہ وہ تین سال سے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور انہیں مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے باوجود قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جا رہا تو اس بات کا جواب سلیکٹرز ہی دے سکتے ہیں۔ قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے کامران اکمل نے کہا کہ کیوی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کافی مشکل حریف ہے لیکن پاکستانی بالنگ اٹیک کسی بھی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہی اس کا پلس پوائنٹ ہے۔

 

تعارف: newseditor