جنوبی افریقہ 286پر بک،بھارت بھی 28پر تین وکٹیں گنوا بیٹھا

مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن گھر سے باہر روایتی مشکلات سے دوچار ہو کر محض 28 رنز پر تین اہم وکٹیں گنوا بیٹھی،اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم بھوونیشور کمار کے چار شکاروں کے سامنے 286 رنز تک محدود رہی۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ڈین ایلگر صفر،ایڈن مارکرم پانچ اور ہاشم آملا تین رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے۔ ڈی ویلیئرز اور کپتان فاف ڈوپلیسز نے نصف سنچریاں بنانے کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 114رنز کا اضافہ کیا تو ڈی ویلیئرز65 رنز بنا کر چل دئیے ۔

فاف ڈوپلیسز 62 ، کوئنٹن ڈی کوک 23 اور فلینڈر 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ کیشو مہاراج 35،کگیسو ربادا 26 رنز بنا سکے اور پروٹیز ٹیم 286 پر ڈھیر ہوگئی ۔ بھوونیشور کمار نے چار اورایشون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی اننگز کے آغاز میں مرلی وجے ایک رن پر فلینڈر کووکٹ تھما گئے جبکہ شیکھر دھاون 16رنز پر چل دئیے ۔ کپتان ویرات کوہلی کی فارم بھی پانچ رنز سے زیادہ ساتھ نہ دے سکی،دن کے اختتام پر بھارت کا سکور تین وکٹوں پر 28 رنز تھا،چتیشور پجارا پانچ اور روہیت شرما صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

 

تعارف: newseditor