کرس گیل آئی پی ایل سے بھی ڈراپ

ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے ایڈیشن کیلئے فرنچائزوں نے اسکواڈ میں برقرار رکھنے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور رائل چیلنجرز بنگلور نے بھارتی قائد اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو برقرار رکھا ہے جبکہ کرس گیل کو ڈراپ کردیا ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے رواں برس ہونے والے آئی پی ایل ایونٹ کیلئے ٹیموں کی طرف سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی جس کے تحت رائل چیلنجرز بنگلور نے کوہلی کو 17 کروڑ کے عوض برقرار رکھا۔

کوہلی واحد کھلاڑی ہیں جنہیں آئی پی ایل کیلئے مختص 15 کروڑ سے زائد رقم میں برقرار رکھا گیا۔

رائل چیلنجرز بنگلور نے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور سرفراز خان کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔

ممبئی انڈینز نے روہت شرما، ہردک پانڈیا اور جسپریت بمرا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے سنیل نارائن اور آندرے رسل، دہلی ڈیئر ڈیولز نے رشابھ پانٹ، کرس مورس اور شری یاس آئیر کو ٹیم کا حصہ رکھا۔

کنگز الیون پنجاب نے اکشر پٹیل، سن رائزرز حیدرآباد نے کپتان ڈیوڈ وارنر اور بھنشور کمار جبکہ پابندی کے بعد لیگ میں واپس آنے والی چنئی سپر کنگز نے مہندرا سنگھ دھونی، سریش رائنا اور روندرا جدیجا کو اسکواڈ میں برقرار رکھا۔

اسی طرح پابندی کا شکار ایک اور ٹیم راجستھان رائلز نے اسٹیون اسمتھ کو برقرار رکھا ہے۔

دس برس تک رائل چیلنجرز بنگلور سے منسلک رہنے والے جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل اس بار ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور اس بار کھلاڑیوں کی نیلامی میں ان کی نظریں خریدار پر ہوں گی۔

دوسری جانب دہلی ڈیئر ڈیولز نے رواں برس شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے سابق آسٹریلین بلے باز اور کپتان رکی پونٹنگ کی بطور ہیڈ کوچ خدمات حاصل کر لیں۔

پونٹنگ کو راہول ڈراوڈ کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے جنہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے کی خاطر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

دہلی ڈیئر ڈیولز کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پونٹنگ ورلڈ کلاس کھلاڑی رہے اور ان کی کرکٹ بارے سوچ بھی وسیع ہے لہٰذا امید ہے کہ وہ اپنے تجربے کی روشنی میں ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔

پونٹنگ آئی پی ایل میں اس سے قبل بطور پلیئر کھیلنے کے ساتھ ساتھ ایک ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں، ان کی زیر کوچنگ ممبئی انڈینز نے 2015 میں دوسری مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم فرنچائز نے ٹائٹل جیتنے کے باوجود ان کے معاہدے میں توسیع نہ کی۔

 

تعارف: newseditor