ولیمسن کا کیچ ڈراپ کرنا ٹیم کو بہت مہنگا پڑا ، کل کے میچ میں ایسی کوئی غلطی نہیں کریں گے :بائولنگ کوچ اظہر محمود کی میڈیا سے گفتگو
قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے کی تیاریاں تیز کر دیں۔ بائولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں خوب پسینہ بہایا۔ پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بائولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ولیمسن کا کیچ ڈراپ کرنا مہنگا پڑا،
امید ہے کل کے میچ ایسی غلطی نہیں دہرائی جائے گی۔ نیلسن میں قومی شاہینوں نے پڑاؤ ڈالنے کے بعد پریکٹس سے میدان آباد کر دیا۔ پہلے فزیکل ٹریننگ کی اور اس کے بعد نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا، بائولنگ اور بیٹنگ کے بھی نئے گُر سیکھے، فیلڈنگ میں جان ماری اور خوب پسینہ بہایا۔
بائولنگ کوچ اظہر محمود کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پہلے ون ڈے میں کیوی کپتان کیم ولیمسن کا ڈراپ کیچ شکست کی بڑی وجہ بنا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے نو جنوری کو شیڈول ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ آج رات تین بجے شروع ہو گا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔