چین کے سپورٹس وفد کی سیکرٹری سپورٹس پنجاب سے ملاقات

لاہور:سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان سے چین کے سپورٹس وفد نے پیر کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ملاقات کی، 6رکنی وفد میں مسٹر وینگ لی، وینگ وی وی، مسٹر لی جن، مسٹر ہیبن، مسٹر لِن یانگ اور مس سوئی چپنگ شامل تھے، ملاقات میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب اور چین کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان سپورٹس کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر جان نے کہا کہ چین پاکستان کا عظیم دوست ہے

دونوں ممالک دہائیوں سے مضبوط اور گہرے رشتے میں بندھے ہیں، چین نے ہر موقع پر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کیا ہے، چین سپورٹس کے میدان میں اعلیٰ مقام رکھتا ہے ، چین کے سپورٹس کے تجربہ سے مستفید ہوکر ہمارے کھلاڑی بھی عالمی ٹائیٹلز جیت سکتے ہیں، چین کے وفد نے پنجاب میں سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے جس سے نوجوان فائدہ اٹھاکر کامیاب سپورٹس مین بن سکتے ہیں، وفد نے مزید کہا کہ چین سپورٹس کے شعبہ میں پنجاب سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، پنجاب کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کے کھلاڑیوں کا اعلیٰ مقام ہے، جس کھیل میں بھی پنجاب حکومت کو ہمارے تعاون کی ضرورت ہوگی وہ بھرپور فراہم کیا جائے گا۔
چین کے وفد نے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید رشید چوہان سے بھی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، جاوید رشید چوہان نے وفد کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے انفراسٹرکچر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، وفد نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم، جمنیزیم ہال، سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ اور سوئمنگ پول کا بھی دورہ کیا۔

تعارف: newseditor