فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لائی جائے گی

فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی اور پاکستان کے 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لائی جائے گی۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی تو نہ کر سکی لیکن فٹبال کے چاہنے والے ورلڈ کپ ٹرافی کو پاکستان میں دیکھ سکیں گے۔

فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی 3 فروری کو ایک روز کے لیے پاکستان لائی جائے گی تاہم اس حوالے سے باقاعدہ اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی لاہور لائی جائے گی جس کی شہر کے دو یا تین مقامات پر تقریب رونمائی کی جائے گی۔

لیکن اس ٹرافی کو پاکستان لانے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کوئی کردار نہیں ہے اور یہ ٹرافی فیفا اور اسپانسر کے تعاون سے پاکستان لائی جا رہی ہے۔

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر تیسرے فریق کی مداخلت پر پابندی عائد کر دی تھی جس کا مطلب ہے کہ فیفا کا پی ایف ایف سے کوئی باقاعدہ رابطہ نہیں ہے۔

فٹبال ٹرافی پاکستان لانے والے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہم پاکستان میں فٹبال کو زندہ کرنا چاہتے ہیں اور ٹرافی لانے کا مقصد پاکستانی شائقین میں اس حوالے سے شوق پیدا کرنا ہے۔

فیفا ورلڈکپ ٹرافی پہلی مرتبہ 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی، 18 قیراط سونے سے تیار کردہ ٹرافی کی لمبائی 36.8 سینٹی میٹر اور اس کا وزن 6.1 کلو گرام ہے۔

خیال رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2018 روس میں کھیلا جائے گا جس میں 32 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

تعارف: newseditor