بلائنڈ کر کٹ ورلڈ کپ ،قومی ٹیم کی فتوحا ت کا سلسلہ جاری

بلائنڈ کر کٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیپال کی ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دے دی ۔پاکستان کی طرف سے اوپنر بلے باز بدر منیر نے 126سکور بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔میچ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں جشن منایا۔جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے بلائنڈ کر کٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں نیپال کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 40اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنائے ۔

نیپال کی جانب سے رمیش بہادر نے 59،پدم نے 50اور بدری نے 47 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنربلے بازوں بدر منیر اور محسن نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا اور گرائونڈ کے چار طرف چوکوں کی بارش کر دی ۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پربیسویں اوورز کی پہلی گیند پر پورا کر لیا۔اوپنر بلے بازبدر منیر نے57گیندوں پر 26چوکوں کی مدد سے 126 رنز بنائے اور ریٹائرڈ آئوٹ ہو کر گرائونڈ سے واپس چلے گئے جبکہ محسن نے 74 رنز بنائے ۔بدر منیر کی یہ مسلسل دوسری سنچری ہے ۔سنچری بنانے پر بدر منیر کو مین آف دی میچ ٹھہرایا گیا اورپندرہ ہزار روپے انعام دیا گیا ۔میچ جیتنے پر کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں بھنگڑے ڈالے۔قومی کپتان نثار عباس کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بہت اچھا کھیلے ،پاکستانی بائولرز نے اچھی اور نپی تلی بائولنگ کی جس کی وجہ سےنیپال کی ٹیم بڑا سکور کر نے میں ناکام رہی۔ میچ کے مہمان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ محمد آصف ،سی پی او اشفاق خاں ،پاکستان بلائنڈ کر کٹ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم بٹ اور حافظ مزمل تھے۔

تعارف: newseditor