کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے انجیلو میتھیوز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لئے دوبارہ کپتان کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
انجیلو میتھیوز نے 6 ماہ قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم اس کے بعد سلیکٹرز کی جانب سے کئی تجربات کے بعد دوبارہ انہیں کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجیلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت مکمل کرنے کے بعد واپسی پر کرکٹ بورڈ کے صدر نے انہیں دوبارہ کپتانی سنبھالنے کو کہا جس پر کچھ وقت سوچنے کے بعد دوبارہ ذمہ داری لینے کی حامی بھری۔
میتھیوز کا مزید کہنا تھا کہ جب ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ دوبارہ کپتان بنوں گا تاہم سلیکٹرز کے بے حد اصرار اور چند وجوہات کی بنا پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا۔
انجیلو میتھیوز کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی کپتان تبدیل کیے گئے تاہم انجریز کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا اور تمام کپتانوں نے بھرپور ذمہ داری نبھائی اور اب ورلڈ کپ کے لئے ہمیں استحکام کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ انجیلو میتھیوز زمبابوے کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد تمام فارمیٹس میں کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے اور انہوں نے اس ناکامی کو اپنے کیریئر کا خراب ترین لمحہ قرار دیا تھا۔