شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کی ٹیم قومی ون ڈے کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، فاتح ٹیم نے 236 رنز کا ہدف 41ویں اوور کی پانچویں گیند پر محض 3 وکٹوں پر حاصل کیا، شان مسعود نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، صعیب مقصود 89 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، شان مسعود کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
جمعرات کو کراچی میں کھیلے گئے ون ڈے کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سوئی سدرن گیس کارپوریشن کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.1 اوورز میں 235 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سمیع اسلم کے سوا کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سمیع 57 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، اویس ضیاء 48، آصف ذاکر 41، کپتان عمر امین صفر، فواد عالم 12، عادل امین 21، کاشف بھٹی 11، اوسامہ میر صفر، احمد جمال 18 اور ضیاء الحق 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سیف اﷲ بنگش نے 15 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، جواب میں یو بی ایل نے مطلوبہ ہدف 40.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شان مسعود اور عمر صدیق نے ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، صدیق 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل بیٹنگ کا جادو جگانے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر صعیب مقصود نے شان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 137 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، صعیب مقصود 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو شان نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور ناقابل شکست سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، شان مسعود 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سعدعلی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فواد عالم اور احمد جمال نے ایک، ایک وکٹ لی۔