پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گرانٹ فلاور نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی باؤنسی وکٹوں کی وجہ سے پاکستانی بیٹسمینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ڈنیڈن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق زمبابوین بیٹسمین اور پاکستان کے موجودہ کرکٹ کوچ نے کہا کہ تیسرے ایک روزہ میچ سے قبل کھلاڑی سخت محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر کام کیا گیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں بہتری نظر آئے گی۔
گرانٹ فلاور نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمین جس انداز میں آؤٹ ہوئے اس کا کریڈٹ نیوزی لینڈ کے بولرز کو جاتا ہے جنہوں نے وکٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں پر دباؤ ڈالا۔
گرانٹ فلاؤر نے کہا کہ کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں اور وہ سیریز میں کم بیک کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر بھی مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
گرانٹ فلاور نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی بیٹسمینوں نے پاکستان میں زیادہ کرکٹ کھیلی ہے اس لیے انہیں نیوزی لینڈ میں وکٹ پر موجود اچھال سے مشکل پیش آرہی ہے، وکٹ میں آنے والی تبدیلی کھلاڑیوں کو پریشان کررہی ہے حالانکہ ان میں سے بعض کرکٹرز پہلے بھی نیوزی لینڈ میں کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ باؤنس کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کھلاڑیوں کو ’سلیب‘ پر بیٹنگ پریکٹس کرائی جارہی ہے، بیٹسمینوں کو وکٹ پر پھرتی دکھانی ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز جاری ہے جس میں میزبان ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
تیسرا ون ڈے میچ 13 جنوری کو کھیلا جائے گا اور اگر پاکستان یہ میچ نہ جیت سکا تو سیریز گنوا دے گا۔
ون ڈے کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔