پاکستان واپڈا نے پی ٹی وی کو نو وکٹوں سے شکست دے کر نیشنل ون ڈے کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جہاں اس کا مقابلہ ناقابل شکست ٹیم یونائیٹڈ بینک سے ہوگا۔ گزشتہ روز کامران اکمل، سلمان بٹ اور بسم اﷲ خان نے میچ میں فتح گر نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ محمد عرفان، خالد عثمان اور منصور امجد نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ سعود شکیل، حسن رضا اور محمد عرفان کی کوشش رائیگاں گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی ون ڈے کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر بالرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو اس وقت درست ثابت ہوگیا جب پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں پر 231رنز بناسکی۔سعود شکیل 47، حسن رضا 34، محمد عرفان33، حسن محسن 30، تیمور خان 29 اور علی خان نے 27رنز کے ساتھ زبردست مزاحمت کی ۔ محمد عرفان نے 33رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خالد عثمان اور منصور امجد نے بالترتیب 32اور 20 رنز کے عوض دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد آصف نے ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔ جواب میں یونائیٹڈ بینک نے کامران اکمل، سلمان بٹ اور بسم اﷲ خان کی فتح گر نصف سنچریوں کی بدولت مطلوبہ ہدف 43اوورز میں محض ایک وکٹ پر حاصل کرکے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کامران اکمل اور سلمان بٹ نے اپنی ٹیم کو 123رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کامران اکمل نے 86گیندوں پر تین چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 87رنز کی دلکش اننگز تراشی۔انہیں ولید ملک نے تیمور خان کی گیند پر اسٹمپڈ کیا۔ کپتان سلمان بٹ 75رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، انہوں نے اپنی اننگز کو چارچوکوں سے سجایا۔ بسم اﷲ خان نے 70گیندوں پر 67رنز ایک چھکے اور 9چوکوں کی مدد سے جوڑے ۔ یو بی ایل اور واپڈا کے درمیان فائنل کل کھیلا جائے گا۔