لاہور:سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی زیرصدارت پنجاب سٹیڈیم میں ہفتہ کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ سپورٹس کی 2016-17ء میں کار ہائے نمایاں، ٹورازم اور آرکیالوجی اور امور نوجوانان کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب احمر ملک، ڈی جی آرکیالوجی، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان اور دیگر افسران شریک تھے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے 2016-17ء میںشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب کے اتھلیٹس نے مختلف کھیلوں میں قومی اور بین الاقوامی ٹائیٹلز جیتے، کوچز کو جدید تربیت دینے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے کوچز کو دنیا میں رونما ہونیوالی نئی تبدیلیوں کے مطابق تربیت دی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اجلاس کو بتایا کہ حال ہی میں ہونیوالی دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ئمیں سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے نے مجموعی طور پر 151میڈلز جیت کر گیمزمیں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا جن میں سونے کے 74، چاندی کے 46اور کانسی کے 31میڈلز شامل ہیں، جبکہ پہلی بین الصوبائی قائداعظم گیمز میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب نے مجموعی طور پر 136میڈلز جیت کر سب سے زیادہ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھاجن میں سونے کے 61میڈلز شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے جس کے نتائج قائداعظم گیمز کی صورت میں سامنے آئے ہیں،نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں گرائونڈز، جمنیزیم اور سٹیڈیمز تعمیر کررہے ہیں جس سے نوجوانوں کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹورازم اور آرکیالوجی کے محکمے بھی 2018میں مزیداچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔