وسیم اکرم ٹیم کی کارکردگی پر مایوس

سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی باڈی لینگویج زوال کا شکار ہے جسے سیریز سے قبل نیوزی لینڈ میں زیادہ وارم اپ میچز کھیلنا چاہئے تھے ۔نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی مسلسل تیسری شکست نے سابق کپتان وسیم اکرم کو بھی دھچکا پہنچایا جن کا نجی چینل پر اپنے تبصرے میں کہنا تھا کہ وہ صبح میچ کے وقفے میں معمول کی ورزش کیلئے گھر سے نکل گئے تھے لیکن پچاس منٹ کے بعد ان کی واپسی ہوئی تو پاکستان کے چھ کھلاڑی پویلین میں واپس جا چکے تھے جس پر انہیں دھچکا لگا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ مشکل ہوتا ہے اور ان کے دور میں بھی ٹیم دباؤ کے وقت زوال کا شکار ہو جاتی تھی لیکن وہ ایسے وقت میں فائٹ کرتے اور باڈی لینگویج مثبت رکھتے تھے تاہم موجودہ پاکستانی ٹیم کی باڈی لینگویج زوال کا شکار ہے ۔


انہوں نے دورے کی پلاننگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پلیئرز کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے بہت پہلے نیوزی لینڈ پہنچنا چاہئے تھا اور بہتر ہوتا کہ سیریز سے قبل کچھ وارم اپ میچز بھی کھیلے جاتے تاکہ کھلاڑی ماحول اور وکٹوں کو سمجھ جاتے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو اوپری نمبروں پر کھیلنے کا مشورہ دینا درست نہیں کیونکہ وہ ساتویں یا آٹھویں نمبر پر ہی بہتر ہیں،اگر ٹیم بڑے اسکور کا تعاقب کر رہی ہو تو پھر سرفراز احمد اوپر کے کسی نمبر پر کھیلنے کا چانس لے سکتے ہیں لیکن وہ اس کے علاوہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں بہترین انداز سے پرفارم نہیں کر سکتے ۔

 

تعارف: newseditor