چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی، وزیر کھیل پنجاب جہانگیرخانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے پیر کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا دورہ کیا، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشیدچوہان، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر اور دیگر افسران بھی ساتھ تھے، حکام نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے صوبہ بھر میں سپورٹس کی بہترین اور جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بھی ان میں ایک ہے۔
صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کا کہنا تھا کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ترین سوئمنگ کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے جس سے نوجوان سوئمر اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں گے، سوئمنگ کمپلیکس میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت سمیت عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ کمپلیکس میںعالمی مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ضرورت اس امر کی ہے ان کی بہتر ین رہنمائی کی جائے اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں ، ہم پرامید ہیں کہ سوئمنگ کمپلیکس کے قیام سے نوجوان سوئمرز عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے یہاں تیاری کریں گے اور ٹائیٹلز جیتیں گے۔