انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں رئیس علی اسامہ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد احسن رمضان کو ہرا کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دونوں کے درمیان مقابلہ بیسٹ آف سیون فریم کے فیصلہ کن فریم کی بلیک بال پر ہوا۔ محمد شہباز نے بھی ساڑھے تین گھنٹے کی مزاحمت کے بعد عمر فاروق کو زیر کیا۔ دفاعی چیمپئن نسیم اختر سمیت آٹھ کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے پی ایس بی بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ہال میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں بدھ کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ پنجاب کے رئیس علی اور احسن رمضان کے درمیان کھیلا گیا جس کا فیصلہ بیسٹ آف سیون فریم کے فیصلہ کن فریم کی بلیک بال پر ہوا۔
دیگر مقابلوں میں پنجاب کے شیخ محمد مدثر نے بلوچستان کے عبدالعزیز کو4-2سے، پنجاب کے عثمان احمد نے بلوچستان کے رابش پرویز کو4-2سے، پنجاب کے محمد شہباز نے پنجاب کے عمر فاروق کو4-3سے، دفاعی چیمپئن پنجاب کے محمد نسیم اختر نے اسلام آباد کے فہد غفار کو 4-1سے، سندھ کے علی زمان خان نے خیبر پختونخواہ کے عثمان خورشید کو4-0سے، پنجاب کے محمد عمر خان نے پنجاب کے شاہ زیب ملک کو4-1سے جبکہ پنجاب کے حارث طاہر نے کے پی کے، کے حمزہ آفتاب کو4-0سے شکست دی۔