تیسرا ٹیسٹ،بھارت کا پلٹ کر وار،جنوبی افریقہ194پر ڈھیر

جوہانسبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی باؤلرز کے بھرپور جوابی وار کے سامنے جنوبی افریقن بلے بازوں نے بھی گھٹنے ٹیک دیئے، میزبان ٹیم تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ہاشم آملہ کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی سورماؤں کے فاسٹ باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، آملہ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، جسپریت بمرا نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، بھنشور کمار نے 3 وکٹیں لیں، بھارت نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 49 رنز بنا کر مجموعی طور پر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، لوکیش راہول 16 اور مرلی وجے 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

جمعرات کو آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے 6 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو 16 کے سکور پر اسے ڈین ایلگر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر ہاشم آملہ نے کاگیسو ربادا کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی تاہم 80 کے سکور پر ربادا 30 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے، اے بی ڈی ویلیئرز، کپتان فاف ڈوپلیسی اور ڈی کوک کا بلا بھی نہ چلا اور تینوں کھلاڑی بالترتیب 5 اور 8، 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 169 کے سکور پر پروٹیز کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب ہاشم آملہ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 61 رنز بنانے کے بعد بمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 175 کے سکور پر فلینڈر 35 رنز بنانے کے بعد شامی کی گیند کا نشانہ بنے، پہلک وایو پروٹیز کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بنا کر بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، نگیڈی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اسطرح جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 7 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی، مورکل نے 9 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، جسپریت بمرا نے 5 بھنشور کمار نے 3، محمد شامی اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارت نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 49 رنز بنا کر مجموعی طور پر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، 17 کے سکور پر اسے پارتھو پٹیل کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا جو 16 رنز بنانے کے بعد فلینڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، راہول 16 اور وجے 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر نے ایک وکٹ لی۔

تعارف: newseditor