سپورٹس بورڈ پنجاب کی 10ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کاحضرو میں افتتاح

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز ظہیر عباس نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی 10ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح جمعرات کے روز حضرو(اٹک) میں کیا، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں کی طرح سپورٹس کے فروغ کیلئے بھی انقلابی اقدامات کئے ہیں، کھلاڑی محنت کریں اور اپنا مستقبل بنائیں، ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز بنارہا ہے جس میںماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں،تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کی 10ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کے حضرو(اٹک) میں افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے شاٹ کھیل کر اکیڈمی کا افتتاح کیا

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شکیل احمد، ڈویژنل سپورٹس افسر ملک وقار، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی وحید بابر،چیئرمین بلدیہ سعید آرائیں، چیئرمین اتحاد گروپ نزاکت خان اور دیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں، حضرو میں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا آغاز بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں، حضرو میں ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 9 کروڑ روپے منظور ہو چکے ہیں، انڈور گیمز کیلئے جمنیزیم بھی بنا رہے ہیں،ہمیں فخر ہے کہ ظہیر عباس جیسے عظیم کھلاڑی نوجوان کرکٹرز کو تربیت دے رہے ہیں، صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے جناح سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔

ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرکے اپنا فرض پورا کررہی ہے، اب کھلاڑی محنت کریں اور ملک کا نام سپورٹس کی دنیا میں روشن کریں، ہم پُراُمید ہیں ان اکیڈمیز سے تیار ہونیوالے کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کے قیام کیلئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے اقدامات قابل تحسین ہیں، ظہیر عباس نے اعلان کیا کہ اگلی اکیڈمی گوجرانوالہ میں قائم کی جائے گی۔اکیڈمی کے کھلاڑیوں کا فرداً فرداً وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ اور ظہیر عباس سے تعارف بھی کرایا گیا، اکیڈمی میں کوچز ظفرالدین اور محمد اخلاق کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔

تعارف: newseditor