پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کا نمائشی میچ

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) کک آف ٹیم نے مسلم ہینڈز فٹ بال کلب کے ساتھ  جناح پارک میں واقع اپنے گرائونڈ پر ایک دوستانہ فٹ بال میچ کی میزبانی کی۔ ایونٹ کو پاکستان آرمی کا تعاون حاصل تھا اور اس میں آرمی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم روس میں منعقدہ ’’مستقبل کا دارومدار آپ پر ہے‘‘ کے عنوان سے فٹ بال ٹورنامنٹ 2017ء کی فاتح ٹیم ہے۔ پاکستانی ٹیم نے بھارت، برازیل اور روس کے خلاف منعقدہ اپنے تمام میچ جیتے۔ ٹیم نے 2018 فیفا سٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ جو جلد ہی روس میں منعقد ہوگا، کے لئے پہلے سے کوالیفائی کرلیا ہے۔ یہ حالیہ برسوں میں مسلم ہینڈز فٹ بال کلب کی طرف سے حاصل کردہ کئی اہم کامیابیوں میں سے چند ایک ہیں۔ ٹیم ان بچوں پر مشتمل ہے جو پسماندہ گھرانوں بشمول یتیموں، سٹریٹ چلڈرن اور کمزور طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایس سی ڈبلیو سی کا حصہ بننے سے قبل انہوں نے اپنی زندگی کا آغاز بے گھری سے کیا اور تشدد، منشیات اور مختلف قسم کے عام جرائم کا شکار رہے لیکن ان تمام مشکلات کو سہنے اور برداشت کرنے کے باوجود وہ اس سخت مقابلے میں شریک ہونے کے قابل ہوئے اور اس میں فاتح ٹھہرے۔ کک آف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی بھرپور سرپرستی کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ بین الاقوامی فورمز پر ملک کی نمائندگی کریں۔ اب جبکہ اس طرح کی سہولت مہیا ہو گئی ہے تو اس کے بعد بہت سے ٹورنامنٹس، سٹینڈرڈ ٹیم گیمز، انڈر 16 ٹورنامنٹس، سکول ٹورنامنٹس، متعدد سکولوں میں سپورٹس ڈیز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کک آف کی ٹیم جڑواں شہروں میں فٹ بال سمیت مختلف کھیلوں کے انعقاد کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں فٹ سل ٹورنامنٹ کی بنیاد پر لیگ کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا ہے جس میں پراپر لیگ فارمیٹ میں مختلف ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔ سی نیکسٹ انٹرنیشنل اور سپورٹس فیور 360 کے تعاون سے پاکستان میں بہترین فٹ سل کا آغاز کیا جائے گا۔ کک آف نہ صرف پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لئے کوشاں ہے بلکہ کئی سطحوں پر اس نے اکیڈمیز بھی قائم کی ہیں۔ کک آف کی کاوشیں نہ صرف مردوں کے لئے فٹ بال کے کھیل تک محدود ہیں بلکہ ادارے نے خواتین میں بھی فٹ بال کو فروغ دینے کے لئے کام کیا ہے۔ آئندہ ماہ سے خواتین کے لئے بھی اکیڈمیاں کام شروع کر دیں گی۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان میں فٹ بال کا کھیل فروغ پا رہا ہے اور قوم کی حیثیت سے ہماری یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو اس کے مواقع مہیاء کریں جو پاکستان کیلئے بین الاقوامی سطح پر قابل فخر نام کما سکتے ہیں۔

سپورٹس فیور 360 کک آف کی مدد سے بتدریج پاکستان میں کھیلوں کے لئے بہت سے اقدامات کر رہا ہے اور بہت سے میگا ایونٹس کا انعقاد کیا گیا ہے، 2018ء میں کک آف فٹ بال کے شائقین کیلئے بڑے ایونٹ لے کر آئے گا اور سپورٹس فیور 360 نے مختلف سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے جو صرف کرکٹ اور فٹ بال تک محدود نہیں بلکہ دوسرے بہت سے دلچسپ کھیل بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

تعارف: newseditor