چوتھا ون ڈے،آسڑیلیا نے انگلینڈ کو 3وکٹوں سے شکست دیدی

ایڈیلیڈ(سپورٹس لنک رپورٹ) پیٹ کمنز، ہیزلووڈ اور ٹائی کی عمدہ باؤلنگ کے بعد ٹریوس ہیڈ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلش ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44.5 اوورز میں 196 رنز پر آؤٹ ہو گئی، انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اس کے 5 مستند کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، جیسن روئے، جونی بیئرسٹو، جوروٹ اور جوز بٹلر بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے،کرس ووکس نے 5 چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، کمنز نے 4، ہیزلووڈ اور ٹائی نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں کینگروز نے مطلوبہ ہدف 37 اوورز میں 7 وکٹوں پر پورا کیا، ٹریوس ہیڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 96 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، پیٹ کمنز کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جمعہ کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی قائد سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کمنز، ہیزلووڈ اور ٹائی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا، انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45ویں اوور میں 196 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، انگلش ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 8 کے سکور پر اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، کمنز، ہیزلووڈ اور ٹائی کے وار کے سامنے انگلش بلے باز بے حال ہو گئے، جیسن روئے، جونی بیئرسٹو، جوروٹ اور جوز بٹلر بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، ہیلز 3 رنز بنا سکے، اس موقع پر کپتان ایون مورگن اور معین علی نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی تاہم 61 کے سکور پر مورگن 33 رنز بنا کر کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 112 کے سکور پر معین علی بھی 33 رنز بنا کر ٹائی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عادل راشد 7 رنز بنا کر چلتے بنے، 120 کے سکور پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ انگلش ٹیم 150 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکے گی لیکن کرس ووکس اور ٹام کیورن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور نویں وکٹ میں 60 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 180 تک پہنچا دیا، یہاں پر کیورن 35 رنز بنا کر ٹائی کی گیند کا نشانہ بنے، 196 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب کرس ووکس 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ٹائی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے، پیٹ کمنز نے 4 جبکہ ہیزلووڈ اور ٹائی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 37 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کینگروز اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 25 کے سکور پر اسے وارنر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 13 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند کا نشانہ بنے، 48 کے سکور پر اس کی دوسری وکٹ گری جب کیمرون وائٹ 3 رنز بنا کر کیورن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، کپتان سٹیون سمتھ کا بلا بھی نہ چلا اور 4 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے، مچل مارش آسٹریلیا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 32 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سٹوئنس 14 رنز بنا کر راشد کی گیند پر شکار ہوئے، 180 کے سکور پر ٹریوس ہیڈ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 96 کے انفرادی سکور پر ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، کمنز 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، ٹم پین نے 25 اور ٹائی نے 3 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ عادل راشد نے 3 جبکہ ووکس، ووڈ اور کیورن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

تعارف: newseditor