میلبورن(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا کے شہرمیلبورن میں کھیلے جانے والے سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے فائنل میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر دو کیرولین ووزنیاکی نے رومانیہ کی عالمی نمبر ایک سیمیونا ہیلپ کو تین سیٹس کے سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیت لیا ہے۔
ووزنیاکی نے دو گھنٹے 50 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں 7-6، 3-6 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی اور اس فتح کے بعد نئی آنے والی عالمی رینکنگ میں ان کی پہلی پوزیشن یقینی ہو گئی ہے۔
27 سالہ ووزنیاکی اور 26 سالہ ہیلپ اپنا تیسرا گرینڈ سلیم فائنل کھیل رہے تھے اور یہ ان دونوں کے درمیان ساتواں مقابلہ تھا۔ اس میچ کے نتیجے کے بعد ووزنیاکی کو ہیلپ ہر 5-2 کی سبقت ہو گئی ہے۔
سیمیونا ہیلپ کو فائنل تک پہنچنے کے لیے سخت مقابلہ کرنا پڑا تھا اور پہلے کے راؤنڈز میں انھیں مختلف مواقعوں پر شکست کا سامنے کرنا پڑا تھا لیکن اس کے باوجود انھوں نے ہمت نہ ہاری اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
کیرولین ووزنیاکی کو بھی دوسرے راؤنڈ میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا لیکن انھوں نے میچ پوائنٹ بچایا اور اگلے راؤنڈز میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔