قائداعظم ٹرافی : عمیر بن یوسف کے84 رنز ; سعد خان 70 رنز پر ناٹ آؤٹ.

 

 

قائداعظم ٹرافی : عمیر بن یوسف کے84 رنز۔ سعد خان 70 رنز پر ناٹ آؤٹ

 

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں راولپنڈی اور لاہور ریجن وائٹس کے درمیان میچ کے دوسرے دن صرف دس اعشاریہ تین اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ لاہور ریجن وائٹس نے 349 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 100.3 اوورز میں تین وکٹوں پر407 رنز بنائے تھے۔

 

سعد خان جو گزشتہ روز 42رنز پر ناٹ آؤٹ تھے آٹھ چوکوں کی مدد سے 70رنز پر کھیل رہے ہیں۔ان کے ساتھ عامر جمال37 رنز بناکر کریز پر ہیں ۔ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

اس سے قبل پہلے روز کے کھیل میں علی زریاب نے 182 اور احمد شہزاد نے 102رنز بنائے تھے۔

کراچی وائٹس اور فیصل آباد ریجن کے درمیان پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے دن کراچی وائٹس نے 141 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی اور مزید سولہ اعشاریہ دو اوورز کی بیٹنگ میں پانچ وکٹوں پر 203رنز بنائے تھے۔ عمیر بن یوسف جو گزشتہ روز 62رنز پر کھیل رہے تھے 84 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں بارہ چوکے شامل تھے۔

عماد عالم گزشتہ روز کے اسکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کرپائے اور چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 

پشاور ریجن اور ملتان ریجن کے درمیان شعیب اختر اسٹیڈیم پنڈی میں ہونے والے میچ کے دوسرے دن بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہوسکا۔ پہلے دن پشاور ریجن نے پہلے دن 43 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

 

ایبٹ آباد میں فاٹا اور لاہور بلوز کے درمیان میچ کے دوسرے دن لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر فاٹا کو بیٹنگ دی جو 49 اعشاریہ ایک اوورز کی بیٹنگ میں140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سلمان خان 40 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔لاہور بلوز کی طرف سے حنین شاہ نے22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے اختتام پر لاہور بلوز نے چار وکٹوں پر 83 رنز بنائے تھے۔

 

یاد رہے کہ بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل نہیں ہوسکا تھا۔

 

 

error: Content is protected !!