لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے سپیشل اولمپک نیشنل گیمز 2018 ء ہفتہ کے روزنشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں شروع ہوگئیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے رنگا رنگ تقریب میں گیمز کا افتتاح کیا، سپیشل اولمپکس پاکستان اور وزیراعلیٰ سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیراہتمام ہونیوالی سیپشل اولمپک نیشنل گیمز 2018ء میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے250 کھلاڑیوں پر مشتمل دستے شرکت کررہے ہیں، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ سپیشل بچے ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ سپیشل بچوں کو اولیت دی ہے اور ہر ایونٹ کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کیا ہے، سیپشل بچے معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے، ہمارے سپیشل بچوں نے عالمی مقابلوں میں میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ان بچوں پر فخر ہے، محمد انیس شیخ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سپیشل بچوں کو بھی سپورٹس کیلئے تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے، میں پنجاب حکومت کی جانب سے سپیشل بچوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طرح کی سہولت اور تربیت فراہم کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل اولمپکس پاکستان کے وائس چیئرمین انیس الرحمٰن نے کہا کہ سپیشل بچوں کی نیشنل گیمز کے انعقاد میں تعاون پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے شکرگزار ہیں، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے تعاون کے بغیر نیشنل گیمز 2018ء کا انعقاد ممکن نہ تھا، ان کے تعاون اور کاوشوں سے ہم یہ ایونٹ منعقد کررہے ہیں جس پر سیپشل اولمپکس پاکستان ان کی ممنون ہے، انیس الرحمٰن نے مزید کہا کہ سیپشل بچوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے سپورٹس بہترین پلیٹ فارم ہے، سپورٹس میں حصہ لیکر وہ خود کو معاشرے کا اہم فرد تصور کرتے ہیں جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیپشل اولمپک نیشنل گیمز کے 50سال مکمل ہونے کا جشن بھی منا رہے ہیں۔
سپیشل اولمپک نیشنل گیمز 2018ء میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے دستوں نے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ کو مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی دی جبکہ سپیشل اولمپک نیشنل گیمز 2018ء کی مشعل کراچی کے حوالے کی گئی، افتتاحی تقریب میں بچوں نے اپنے اپنے صوبوں کے علاقائی گیت بھی سنائے جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔ گیمز میں کھلاڑی بوکی ، پاور لفٹنگ اورفٹ بال کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، سیپشل اولمپک نیشنل گیمز 2018میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی مارچ 2019میں ہونیوالی ورلڈ گیمز میں حصہ لیں گے۔