لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پریمیر سپر لیگ کے فائنل میچ میںڈیسکو ن نے ہنڈ ا کو106رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی ۔فائنل میچ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی ۔پریمیر سپر لیگ کا فائنل میچ ارفع کریم گرائونڈ میں کھیلا گیا ۔ ڈیسکو ن کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ۔ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 204رنز کا ہدف دیا۔ جس کے تعاقب میں ہنڈا کی ٹیم 16.5اوورز میں صرف 98 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ فاتح ٹیم کے رانا طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین ڈیسکون تیمور دائود اور رشید بھٹی تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی ۔ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ ہنڈا کے حافظ ساجد، بیسٹ بائولر کا ایوارڈ ڈیسکون کے وسیم ولیم ، بیسٹ آل رائونڈر کا ایوارڈ ہنڈا کے مظہر حسین نے حاصل کیا ۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اس کلب کے دائرہ کار میں مزید وسعت لاتے ہوئے کارپوریٹ سیکٹر کی مزید ٹیموںکو ممبرشپ لینے کی دعوت دی جائے گی ۔