پی ایس ایل تھری کا گانا ریلیز،ایک اہم ترین کھلاڑی نظر انداز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا آفیشل گیت جاری کردیا گیا تاہم اس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو نظر انداز کردیا گیا۔

لیگ کے آفیشل گیت کے لیے ایک مرتبہ پھر معروف گلوکار علی ظفر نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

آفیشل گیت ’دل سے جان لگا دے‘ کا دورانیہ 3 منٹ 24 سیکنڈ ہے۔ آفیشل ویڈیو میں بہت سے کھلاڑی نظر آرہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل دلوانے والے کپتان سرفراز احمد کو نظر انداز کر دیا گیا۔

اس گیت میں سابق کپتان شاہد آفریدی، مصباح الحق، رمیز راجہ، شعیب ملک، اوپنر احمد شہزاد، مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم، فاسٹ بولر جنید خان اور عمر گل سمیت کئی کھلاڑی نظر آرہے ہیں۔

احمد شہزاد کو گٹار اور رمیز راجہ کو ڈرم بجاتے ہوئے دکھایا گیا لیکن کپتان سرفراز کہیں نظر نہیں آرہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل تھری 22 فروری سے 25 مارچ کے درمیان متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں کھیلی جائے گی۔

ملتان سلطانز کی شمولیت کے ساتھ ٹورنامنٹ میں چھٹی فرنچائز کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اس مرتبہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ دو کوالیفائرز لاہور میں کھیلے جانے کا بھی امکان ہے۔

تعارف: newseditor