عماد وسیم اور عثمان شنواری کا فٹنس بحالی پروگرام مکمل

لاہور: (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی آل راؤنڈر عماد وسیم اور عثمان شنواری کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس بحالی پروگرام مکمل، کوچز اور ڈاکٹرز نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔

کرکٹر عثمان شنواری گزشتہ برس نومبر میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد انجرڈ ہو گئے تھے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں چار سے چھ ماہ تک کرکٹ سے دور قرار دیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ڈاکٹر سہیل سلیم کے زیر نگرانی عثمان شنواری کا بحالی پروگرام شروع کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نے انہیں فٹ قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فاسٹ باؤلر نے جم ٹریننگ، فزیکل ٹریننگ اور باؤلنگ پریکٹس بھی کی تھی۔ عثمان شنواری کو ہدایت نامہ بھی دیا گیا ہے اور مقامی گراؤنڈ میں جا کر وہ اس کے مطابق ٹریننگ جاری رکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی اے میں بحالی پروگرام مکمل ہو چکا ہے۔ دو ماہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی گھٹنے کی تکلیف سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے، جنہیں گھر جانے کی اجازت مل گئی ہے، مگر دو فاسٹ باؤلر سہیل خان اور جنید خان ابھی بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انجری کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں۔ سہیل خان کمر میں تکلیف جبکہ جنید خان پاؤں میں فریکچر کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔

تعارف: newseditor