قومی ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ،کوارٹر فائنل کیلئے لائن اپ مکمل


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)دوسری قومی ما سٹرز سنوکر چیمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ، عمران شہزاد، محمد ندیم، محمد عاطف بیگ، شاہد شفیق ، فواد حسین، میثم زیدی ، نوین پروانی اور خرم آغا کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز آج صبح دس بجے کھیلے جائیں گے جبکہ سیمی فائنل مقابلے دوپہر دو بجے کے بعد ہوں گے۔ دوسری قومی ما سٹرز سنوکر چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں فواد حسین نے دلچسپ معرکے کے بعد حریف کو دو کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی۔ دفاعی چیمپئن عمران شہزاد نے خواجہ رضوان کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا۔ میثم زیدی نے محمد یوسف کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے زیر کیا۔ محمد ندیم نے سعید احمد پر دو کے مقابلے میں چار فریمز سے فتح سمیٹی۔ محمد عاطف بیگ نے فیصل روگوٹیا کو چار تین فریمز سے شکست دی۔ سابق قومی چیمپئن خرم آغا نے شہزاد بٹ پر چار دو فریمز سے قابو کیا۔ نوین پروانی نے محمد شاہد کو چار دو فریمز سے پچھاڑا جبکہ شہزاد شفیق نے قدیر بٹ کو چار صفر سے ہراکرکوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!