دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈکے خلاف ون ڈے سیریز جہاں پاکستان ٹیم کی تین پوائنٹس کی کٹوتی کا سبب بنی ہے وہیں پاکستانی بیٹسمینوں اور بولروں کو بھی تنزلی کا سامناکرنا پڑاہے۔گرین شرٹس بیٹسمینوں میں صرف فخرزماں جبکہ بولروں میں صرف شاداب خان کو ہی ترقی مل سکی ہے۔پاکستان ونیوزی لینڈ جبکہ انگلینڈ وآسٹریلیاکے درمیان کھیلی گئی پانچ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریزکے اختتام پر جاری ہونے والی نئی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 5 پوزیشنز میں واحد تبدیلی بابراعظم کی ایک درجہ تنزلی کی صورت میں سامنے آئی ہے جس کے سبب بھارتی اوپنر ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے نمبرپر آنے کا موقع مل گیا۔ٹاپ ٹین کی نچلی پانچ پوزیشنز پر کین ولیمسن کی دو درجہ ترقی ، پروٹیز بلے بازوں ہاشم آملہ اور فاف ڈوپلیسی کی ایک ایک درجہ تنزلی کا سبب بنی۔آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 50 میں شامل پاکستانی بلے بازوں میں ماسوائے فخر زماں کے کوئی بھی دوسرے پاکستانی پلیئر ترقی نہ پاسکا بلکہ دیگر سبھی کو تنزلی کا سامناکرنا پڑا۔اظہرعلی 13جبکہ شعیب ملک اور کپتان سرفرازاحمدکے9،9درجے کم ہوئے جبکہ محمد حفیظ بھی ایک درجہ پھسل کر ٹاپ25 بلے بازوں کی فہرست سے خارج ہوگئے۔