سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کا پاکستان میں سنچری سکور کرنا آسان نہیں ہوگا،بھارتی کپتان بہترین بیٹسمین ہیں ٗ پاکستانی بالرز اپنے ہوم گراونڈز پر ان کیلئے مشکلات کھڑی کردیں گے۔ کیویز کیخلاف سیریز کے بعد آسٹریلیا میں چھٹیاں منانیوالے مکی آرتھر نے مستقبل میں ویرات کوہلی کی پاکستان میں سنچری کے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ان کی ٹیم بھارتی کپتان کی پاکستان میں سنچری کو دشوار بنا دیگی۔واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کیخلاف کیریئر کی 33 ویں ون ڈے سنچری کے ساتھ سچن ٹنڈولکر اور سنتھ جیا سوریا کے برابر پہنچا دیا ہے جو 9 مکمل رکن ممالک کیخلاف ان کی سرزمین پر سنچری بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں،کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں 54 سنچریاں بنا کر آل ٹائم کرکٹرز میں 5ویں نمبر پر بھی جا پہنچے لیکن بدقسمتی سے انہیں ابھی تک پاکستانی سرزمین پر سنچری بنانے کا موقع نہیں ملا جہاں 2009میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد انٹرنیشنل میچز نہیں کھیلے جا سکے ہیں۔