زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول نے گرلز انٹر اسکول ٹورنامنٹ جیت لیا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے ایس ایم بی فاطمہ اسکول نے کراچی یونائیٹڈ گرلز انٹر اسکول ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔

 کراچی میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں ایس ایم بی اسکول نے فائنل میں آغا خان اسکول کھارادر کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 1-2 سے شکست دی۔

ایس ایم بی اسکول نے اس سے قبل سیمی فائنل میں لائسم اسکول اور کوارٹر فائنل میں سائنٹ مائیکلز اسکول کو شکست دی تھی۔

گروپ میچز میں ایس ایم بی اسکول نے کراچی گرامر اور کراچی امریکن اسکول کیخلاف فتوحات حاصل کی اور مسلسل دوسری مرتبہ کراچی یونائیٹیڈ انٹر اسکول گرلز فٹبال ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔

زندگی ٹرسٹ کے سربراہ اور معروف گلوکار شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری اسکولوں میں طلباء کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے تو وہ کسی بھی نجی اسکول سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بڑے بڑے اسکولوں میں بھیجیں تاکہ انہیں بہترین ماحول میسر آسکے، زندگی ٹرسٹ کی کوشش ہے کہ ایسا ہی ماحول سرکاری اسکولوں میں بھی فراہم کیا جائے اور ایس ایم بی اسکول کی کامیابی وہاں مہیا کیے جانے والے ماحول کی گواہی ہے۔

تعارف: newseditor