کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی لیگ جو شیڈول کے مطابق اپریل میں ہونا تھی اب ممکنہ طور پر اسے جولائی میں منعقد کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے سخت شیڈول کی وجہ سے پاکستان ہاکی لیگ کا شیڈول کے مطابق انعقاد ممکن نظر نہیں آرہا ۔ انہوں نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز رواں برس اپریل میں ہونے ہیں جس کے بعد ماہ رمضان شروع ہو جائے گا۔ اس لئے پی ایچ ایل عیدالاضحی کے بعد جولائی میں ہی ممکن ہو سکے گی۔ پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق پاکستان ہاکی لیگ میں چھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی ہر فرنچائز میں تین سے چار غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ارجنٹائن ، آسٹریلیا اور دیگر ملکوں سے بھی کھلاڑی پاکستان ہاکی لیگ میں شرکت کریں گے ۔ پی ایچ ایف ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی لیگ سے نہ صرف پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی سپورٹ ملے گی بلکہ قومی کھیل کی عظمت بھی دوبارہ سے زندہ ہوسکے گی جو ماضی میں ہماری میراث تھی۔