اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)اسلام آباد میں پاکستان کی تایخ کا پہلا انٹرنیشنل فٹبال کپ جمعہ 16فروری سے شروع ہورہا، ایونٹ میں شرکت کے لئے برازیل، ترکی اور نیپال کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
ایونٹ میں شرکت کرنے والی چوتھی ٹیم پاکستان کی ہوگی۔ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ کا افتتاحی میچ جمعہ کو پاکستان اور ترکی کے درمیان لیاقت جمنازیم پی ایس بی اسپورٹس کمپلکس میں ہوگا۔
نیپال اور ترکی کی ٹیمیں براہ راست اسلام آباد پہنچیں جبکہ برازیلین ٹیم جمعرات کو کراچی پہنچی جہاں سے اسلام آباد روانہ ہوئی۔ تین روزہ ایونٹ کے پہلے روز دوسرا میچ برازیل اور ترکی کے درمیان ہوگا۔
ٹورنامنٹ پاکستان ساکر فٹبال فیڈریشن کے زیراہتمام کھیلا جارہا ہے۔ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عدنان ملک نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل ایونٹ کا انعقاد ہورہا ہے جس میں شرکت کیلئے دنیا کی تین ٹاپ ٹیمیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
سندھ ساکر فٹبال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر قمر یار خان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کرکے دنیا کو پاکستان سے متعلق مثبت پیغام دیں گے۔ ایونٹ کے اختتام کے بعد برازیل کی ٹیم کراچی میں پاکستان کے خلاف ایک دوستانہ میچ بھی کھیلے گی۔
یہ میچ پیر 19فروری کو کے پی ٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لئے پاکستان کی ٹیم کا 17 فروری کو کے پی ٹی اسٹیڈیم میں انتخابی ٹرائلز کے ذریعے ہوگا۔