کوہلی کے بلے نے رنز اگلنا بند نہ کئے،جنوبی افریقہ پھر نڈھال

سنچورین(سپورٹس لنک رپورٹ): بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری اور شردل ٹھاکر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو چھٹے ون ڈے میچ میں بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 5-1 سے اپنے نام کر لی۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے اور آخری میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 204 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

54 رنز بنانے والے نوجوان کھایا زونڈو کے سوا کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز بھارتی باؤلرز خصوصاً شردل ٹھاکر کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا، ایڈن مرکرم 24، اے بی ڈی ویلیئرز 34 اور اینڈائل فلکوایو 34 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم بھی صرف 18 رنز پر گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ روہت شرما کی وکٹ گنوا بیٹھی لیکن ایک مرتبہ پھر ویرات کوہلی ان کی راہ حائل ہو گئے۔

بھارتی کپتان نے شیکھر دھاون کے ساتھ 62 رنز کی شراکت قائم کی جو 80 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دھاون کے آؤٹ ہونے کے باوجود کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تمام جنوبی افریقہ باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 35ویں سنچری اسکور کی۔

ان کی دو چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین ناقابل شکست 129 رنز کی اننگز کی بدولت بھارت نے 33ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ہدف حاصل کر کے میچ میں آٹھ وکٹ سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 5-1 سے جیت لی۔

کوہلی ناصرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ سیریز میں تین سنچریوں کی مدد سے 558 رنز بنانے پر مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔

تعارف: newseditor