چولستان جیپ ریلی ، خواتین میں ملتان کی مومل سب سے آگے


ملتان،ڈیراور،چولستان (سپورٹس لنک رپورٹ) چولستان میں رنگا رنگ جیپ ریلی کی اسٹاک کیٹگری میں 60 ڈرائیور وں نے حصہ لیا اور 210 کلومیٹر کے مشکل ٹریک پر برق رفتاری کا شاندار مظاہرہ کیا،خواتین کی کیٹگری میں ملتان کی مومل خان نے 110 کلومیٹر کے ٹریک پر عمدہ ڈرائیونگ سے شائقین کے دل جیت لئے ، کراچی کی تشنا پٹیل جبکہ لاہور کی عاصمہ خان نے بھی جیپ ریلی میں حصہ لیا ،شائقین نے تالیاں بجا کر انکو داد دی ۔ جیپ ریلی کے موقع پر سیاحوں کی تفریح کے لئے کبڈی میچ ، تصویری نمائش ، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کے پروگرا موں کا بھی انعقاد کیا گیا ،پری پیڈکیٹگری کا فائنل را ئونڈ  کل  ہو گا ، 13ویں ٹو رازم جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، پنجاب ،خیبرپختونخوا ،سندھ ،بلوچستان ،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر علاقوں سے سیاحوں کی آمد کے ساتھ شائقین بھی قلعہ ڈیراورپہنچ چکے ہیں ،قلعہ کے چاروں طرف لائنیں لگا کر انتہائی خوب صورت بنادیا گیا ہے،اونٹوں کی ریس ،موٹرسائیکلوں کی ریس، کبڈی، کشتی کے مقابلے ترتیب دئیے گئے ہیں، جگہ جگہ سخت سکیورٹی ہے،ابتدائی مرحلے میں میوزیکل پرو گرام کے ساتھ آتش بازی کا مظاہر ہ بھی کیا گیا، ایمرجنسی کیلئےریسکیو 1122سمیت محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی موجود ہیں ۔ قبل ازیں چولستان جیپ ریلی کے تین دنوں میں کئی حادثات ہو چکے ہیں، پہلے دوگاڑیا ں اور ایک موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہوئے، تیز رفتار گاڑی کی زد میں آنے والے موٹرسائیکل سوار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال ریفر کر دیا گیا، حادثے کا شکار ڈرائیور وں میں سعید ٹوانہ اور سینیٹر چودھری سعود مجید بھی شامل ہیں جبکہ ڈرا ئیو روں کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے ،حادثات میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔

تعارف: newseditor