بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا

نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی اور آئی سی سی کے ساتھ کشیدہ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، گزشتہ سال فنانس ماڈل پر بمشکل اتفاق ہوا تھا ،معمولی چنگاری نے ایک مرتبہ پھر بھارتی بورڈ کو سیخ پا کردیا ہے اور اس نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے ہر قسم کے معاہدے توڑنے کی دھمکی دیدی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کی اعلیٰ شخصیت نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی کو سخت پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔آئی سی سی نے 2021 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2023 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو دی ہوئی ہے،مگر بھارتی حکومت کی ٹیکس ا سکیم کی وجہ سے ایونٹ کا بھارت میں انعقاد قریب نا ممکن لگتا ہے،اگرچہ بھارتی بورڈ کے آفیشلز نے آئی سی سی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اپنی حکومت کو رضامند کرلے گا،ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے میزبانی کی پیشکش کرکے اور آئی سی سی نے جواب میں یہ کہہ کر کہ اسکا فیصلہ وقت آنے پر کریں گے،بھارتی بورڈ کی نیندیں اڑادی ہیں اور اس نے وقت سے بہت پہلے آئی سی سی کو دھمکی دی ہے کہ اگر بھارت سے میزبانی واپس لی گئی تو بھارتی بورڈ آئی سی سی سے متعلقہ تمام معاہدے توڑ دے گا۔آئی سی سی کی جانب سے اس پر اگرچہ فوری رد عمل نہیں آیا مگر یہ بات طے ہے کہ ٹیکس اسکیم سے ریلیف لئے بغیر بھارت اپنے ملک میں ایونٹس کا انعقاد نہیں کرسکے گا۔

تعارف: newseditor