کراچی(سپورٹ لنک رپورٹ): سابق انٹرنیشنل کرکٹر عامر حنیف کے بیٹے محمد زریاب نے مبینہ طور پر ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔
عامر حنیف کے مطابق ان کا بیٹا انڈر 19 ٹیم میں کھیل چکا تھا اور کوچز کے رویئے سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے یہ قدم اٹھایا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں ہونے والے انڈر 19 ٹورنامنٹ میں محمد زریاب نے کراچی کی نمائندگی کی تھی، اس دوران انجری کے باعث انہیں واپس بھیج دیا گیا تھا اور کوچز نے کہا تھا کہ انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن جب وہ کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زون فور سے کھیلنے گیا تو اسے زائد العمر قرار دے کر گھر واپس بھیج دیا گیا، جس پر دلبرداشتہ ہوکر محمد زریاب نے گذشتہ رات خودکشی کرلی۔
محمد زریاب کے والد عامر حنیف نے الزام عائد کیا کہ ‘ان کے بیٹے کو اتنا پریشرائز کیا گیا کہ وہ خودکشی پر مجبور ہوگیا’۔
سابق انٹرنیشنل کرکٹر عامر حنیف اپنے بیٹے کی خود کشی بارے تفصیلات بتاتے ہوئے
ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ ‘میرا بیٹا تو چلاگیا لیکن دوسروں کے بیٹوں کو بچایا جائے’۔
واضح رہے کہ محمد زریاب، عامر حنیف کا بڑا بیٹا اور فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا۔
دوسری جانب محمد زریاب کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔