لاہور قلندرز کرس لین کے فٹ ہو کر پی ایس ایل کا حصہ بننے کیلیے پُر امید

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل سیزن تھری کے لیے آسٹریلیا کے کرس لین  کے فٹ ہو کر ٹیم کا حصہ بننے کے لیے پرامید ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے ایک آفیشل نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ وہ تاحال کرس لین کی میڈیکل رپورٹ کے متظر ہیں۔

آفیشل نے بتایا کہ ہم آسٹریلوی بلے باز کی ایم آر آئی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جا ئے گا کہ وہ ٹورنامنٹ میں آگے جا کر پی ایس ایل اور لاہور قلندرز کا حصہ بن سکتے ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فوری طور پر کرس لین کے متبادل کھلاڑی کے حوالے سے نہیں سوچا جا رہا۔

لاہور قلندرز کے سی او او اور منیجر سمین رانا نے بتایا کہ ہم فوری طور پر کرس لین کے متبادل کھلاڑی کی تلاش نہیں کر رہے اور ان کے کاندھے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

سمین رانا نے بتایا کہ مستفیظ الرحمان کے متبادل کے طور پر دنیش رامدین متوقع طور پر یکم مارچ کو متحدہ عرب امارات پہنچ رہے تھے لیکن اب وہ 23 مارچ کو ٹیم جوائن کر لیں گے۔

خیال رہے کہ لاہور قلندرز کے کرس لین نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک ہو گئی تھی۔

آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز کرس لین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ نہ بننے پر مایوس ہیں لیکن اب ان کی تمام تر توجہ صحتیابی پر ہے اور امید ہے کہ رواں برس کے آخر میں انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ بن جاؤں گا۔

تعارف: newseditor