پی ایس ایل تھری،،،آج کس کا کس سے ٹکرائو؟

دبئی ( سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج دو اہم میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز لاہور قلندرز سے ٹکرائیں گے۔

جمعہ 23 فروری کو پی ایس ایل کے دونوں میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی اور کوئٹہ کے درمیان مقابلے کا آغاز شام ساڑھے چار بجے ہوگا۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہیں البتہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔

دوسرا میچ پہلی بار پی ایس ایل میں شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ میچ رات کو 9 بجے شروع ہوگا۔ ملتان سلطان کا یہ ایونٹ میں دوسرا میچ ہوگا، پہلے میچ میں ملتان سلطان اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا جس میں ملتان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ فائنل تک جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے شروع ہوچکا ہے جبکہ ایونٹ کے ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہوں گے جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

تعارف: newseditor