ناقابل یقین کیچ تھامنے پر شاہد آفریدی کیا کہتے ہیں

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ناقابل یقین کیچ کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اس عمر میں فیلڈنگ کرنے سے بچتا ہوں لیکن آج خود کہہ کر باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنے کا کہا۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دے دی ہے۔

شاہد آفریدی نے میچ کے دوران عمر امین کا باؤنڈری پر ناقابل یقین کیچ پکڑ کر نہ صرف سب کو حیران کیا بلکہ ٹیم کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

میچ کے اختتام پر شاہد آفریدی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اچھی فیلڈنگ انجوائے کیے بغیر نہیں کی جاسکتی، اس عمر میں ویسے بھی فیلڈنگ کے لیے چھپنے کی کوشش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کیچ کی وجہ سے ٹیم نے میچ میں واپسی کی اور میچ کو ہم نے جیت لیا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنا چاہ رہا تھا، سوچا تھا کہ کیچ آئے گا تو پکڑوں گا اور ایسا ہی ہوا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فیلڈنگ کے لیے ہر وقت تیار رہنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ایڈیشن میں سب ٹیمیں اچھی ہیں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سیزن میرے لیے اور کراچی کے لیے گزشتہ سیزن سے اچھا گزرے۔

تعارف: newseditor