دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ بہترین اور اعلیٰ معیار کی لیگ ہے۔
طاہر کی ٹیم ملتان سلطانز نے چوتھے ہدف کے دفاع میں بھرپور مزاحمت کی تاہم اسلام آباد کی ٹیم پانچ وکٹوں سے کامیاب رہی۔
اس مزاحمت کا سہرا عمران طاہر کو بھی جاتا ہے جنہوں نے میچ میں تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور ملتان کی میچ میں واپسی کا راستہ ہموار کیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ساری ٹیمیں ہی بڑی ٹیمیں ہیں لیکن آج اسلام آباد نے اچھا کھیل پیش کیا اور وہ جیت گئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے پیغام ہے کہ پی ایس ایل بہترین انداز میں ہورہی ہے اور کھیل سے بھی لطف اندوز ہو رہا ہوں جب کہ پی ایس ایل کھیل کر فخر محسوس کررہا ہوں۔
دوسری لیگ اور پی ایس ایل سے موازنے کے سوال پر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ بہترین اور اعلیٰ معیار کی لیگ ہے جس پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔