اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کی طرف سے پاکستان کیلئے قومی خیرسگالی کی سفیر مقرر کیا گیا ہے ۔ ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ وہ بطور قومی خیرسگالی سفیر خواتین کو بااختیار بنانے ، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے آگاہی اور شعور اجاگر کریں گی اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے اپنی خدمات بھی دیں گی۔ پاکستان میں یو این کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہانے نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں پر موسمیاتی تبدیلی کی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ شہریوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نہ صرف شعور و آگاہی پیدا کریں گی بلکہ شہریوں کو ان مسائل سے متعلق پوری تیاری کیلئے مؤثر حکمت عملی بھی بتا سکیں گی۔ ثمینہ بیگ نے کہا کہ ان کیلئے یو این ڈی پی کی طرف سے پاکستان میں قومی خیرسگالی کی سفیر مقرر کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس کامیابی پر اپنی پوری فیملی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ہمیشہ نہ صرف میری مدد کی بلکہ بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔