40ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ 28فروری کو،ایرانی ٹیم بھی شرکت کریگی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے کہا ہے کہ40ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ 28فروری سے شروع ہو گی جس میں ایران کی کبڈی ٹیم کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے، کبڈی پاکستان اور ایران میںنوجوانوں کا مقبول کھیل ہے، دونوں ممالک کی ٹیموں کے مقابلوں سے کبڈی کے کھیل اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، چیمپئن شپ میں تعاون پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے انتہائی مشکور ہیں، ایران کبڈی فیڈریشن کے نائب صدر مجید بہرامی نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کیلئے محفوظ ملک ہے ،دنیا بھر کی ٹیموں کو بلا خوف پاکستان آنا چاہئے، پاکستان میں ملنے والی محبت حسین یادگار کے طور پر یاد رکھی جائے گی،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کبڈی چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کررہا ہے، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، کبڈی کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 40ویں قومی کبڈی چیمپین شپ کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایرانی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی ، سپانسر ادارے کے مبین احمدبھی موجود تھے

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے بتایا کہ5 روزہ 40ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ 28فروری سے ویلو ڈروم گراؤنڈ نشتر پارک میں شروع ہو گی جس میں8 اداروں، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ سرکل کبڈی کے انعقاد کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ بھر پور تعاون کر رہا ہے،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے کاوشیں قابل تحسین ہیں، چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ایرانی کبڈی ٹیم ہماری خصوصی دعوت پر آ ئی ہے تاہم ان کے میچ نمائشی ہوں گے، مہمان ٹیم اپنا پہلا میچ 28 فرورری کو پنجاب کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی، ایران کبڈی فیڈریشن کے نائب صدر مجید بہرامی نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوش ہیں، پاکستانی عوام بہت ملنسار ہیں، پاکستان میں ہمارے لئے بہت اچھے انتظامات کئے گئے ہیں اورہمارے لئے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایرانی کھلاڑیوں نے پاکستان سے ہی کبڈی سیکھی ہے اور اس دورہ سے مزید سیکھنے کا موقع ملے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے کہا کہ چیمپئن شپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہترین انتظامات کئے ہیں، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایات پر کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے، ہر قسم کے کھیل کو بلاامتیاز فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تعارف: newseditor