شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑی رومان رئیس زخمی ہوگئے۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس چوکا روکنے کی کوشش کرتے ہوئے گھٹنے پر چوٹ لگا بیٹھے۔رومان رئیس نے چوکا روکنے کے لیے ڈائیو لگانے کی کوشش کی تاہم ان کا گھٹنا زور سے زمین پر لگا اور وہ گراؤنڈ میں ہی درد سے کراہنے لگے۔انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم بعد ازاں رومان رئیس کو اسٹریچر پر ڈال کر گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔خیال رہے کہ رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور پی ایس ایل تھری کے ابتدائی دو میچز میں مصباح الحق کی غیر موجودگی میں رومان نے ہی کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔فی الحال رومان رئیس کی انجری کی نوعیت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا البتہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں گھٹنے پر چوٹ آئی ہے۔رومان رئیس اس سے قبل بھی گھٹنے کی انجری کا شکار رہ چکے ہیں اور اگر ان کی انجری سنگین نوعیت کی ہوئی تو یہ اسلام آباد کے لیے بری خبر ہوگی۔رومان رئیس کی انجری کے ساتھ ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ کے ہاتھوں شکست کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا۔ اسلام آباد نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے دو میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی ہے۔