اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ نے دنیائے کرکٹ کو کئی نامور فاسٹ بولرز فراہم کیے ہیں۔ فضل محمود سے لیکر محمد عامر تک یہ فہرست بہت طویل ہے تاہم اس فہرست میں ایک نام ایسا بھی ہے جن کو نہ صرف پاکستان بلکہ کرکٹ کے عظیم ترین گیند بازوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ ہے وسیم اکرم۔
ان دنوں ایک بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کا بولنگ ایکشن وسیم اکرم سے بے انتہا ملتا جلتا ہے۔
ویڈیو میں بچے کو گیند بازی کرتے دیکھا جاسکتا ہے جو بظاہر اپنے گھر کے پچھلے حصے میں موجود ہے۔
ویڈیو میں دوسرے اینڈ پر ایک اسٹمپ بھی دیکھی جاسکتی ہے جسے یہ بچہ کئی مرتبہ ہٹ کرتا ہے جس سے اس کی مہارت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ’یہ بچہ کہاں ہے؟ ہماری قوم کی رگوں میں بہترین قسم کا ٹیلنٹ دوڑ رہا ہے تاہم ایسا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں جہاں ان بچوں کو شناخت مل سکے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں کچھ کریں۔‘
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بچے کی بولنگ کی زبردست انداز میں تعریف کی جو اس کم عمر میں اس مہارت سے بال کو سوئنگ اور اسٹمپس کو ہٹ کررہا ہے کہ کئی بین الاقوامی کرکٹرز بھی ایسا نہ کرپائیں۔
ویڈیو پر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کہا کہ شاید ایک اور وسیم اکرم مل گیا۔وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہیں۔اس سے قبل وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مینٹور بھی رہ چکے ہیں۔