شنیرا اکرم کراچی میں فائنل دیکھنے کیلئے پرجوش

شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ملتان سلطانز کے مینٹور وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز سے بڑھ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بننا بڑی بات ہے۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی ٹیم ملتان سلطانز  کی پی ایس ایل میں اب تک پرفارمنس اچھی رہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں ملتان کی ٹیم شعیب ملک کی کپتانی میں 3 میچز میں سے 2 میں کامیاب رہی جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان سلطانز کے مینٹور وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے شارجہ میں موجود ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شنیرا اکرم کا کہنا تھا کہ ٹیم ایک فیملی کی طرح ہوتی ہے، اسی لیے اپنی نئی فیملی کو سپورٹ کرنے آئی ہوں اور نئی ٹیم، نئے کوچ سب ہی لیگ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں فائنل کے لیے وہ پرجوش ہیں جب کہ لیگ کے میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے اور یہ سب پاکستان کرکٹ کے لیے اہم ہے۔

شنیرا اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ کو ملک میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں اور پی ایس ایل کو بھی اپنے وطن میں دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

وسیم اکرم کی اہلیہ نے امید کا اظہار کیا کہ دو سالوں میں ٹورنامنٹ کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے ملتان سلطانز سے بڑھ کر پاکستان سپر لیگ کا حصہ بننا بڑی بات ہے۔

تعارف: newseditor