شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آج کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر شعیب ملک الیون کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں مدمقابل نہیں آئیں اور شارجہ میں پہلے ٹاکرے میں جیت کے لئے دونوں کپتان پرامید ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کے پاس بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تمام ہی شعبوں کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، بیٹنگ میں کمار سنگاکارا، احمد شہزاد اور صہیب مقصود جیسے پاورفل ہٹر کے ساتھ بولنگ میں عمران طاہر، جنید خان، عمر گل اور سہیل تنویر جیسے قابل بھروسہ بولروں کی خدمات حاصل ہیں۔
اسی طرح کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کوئی میچ نہیں ہاری، عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز میں بھی بڑے نام موجود ہیں، بابراعظم، روی بوپارا، جوئے ڈینلے، شاہد آفریدی، ٹائمل ملز اور محمد عامر ان کے بڑے ہتھیار ہوں گے۔