پشاور( سپورٹس رپورٹر) کوہاٹ ریجن میں خواتین گیمز کے بعد انڈر 23گیمز کے حوالے سے مردکھلاڑیوں کے مقابلے شروع ہوگئے،تین ضلعوںپر مشتمل چھ سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جس میںکرک ،ہنگو اور کوہاٹ کے کھلاڑی شامل ہیں ،کوہاٹ سٹیڈیم میںجاری کھیلوںکے اس بڑے میلے کا رنگا رنگ تقریب کا باضابطہ افتتاح کمشنر کوہاٹ مطہر زیب نے کیا ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس،اے سی کوہاٹ گل بانو، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان،ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان،ممبر صوبائی اسمبلی ضیاءاﷲ بنگش،ڈائریکٹرسپورٹس سیدثقلین شاہ ،اے ڈی سپورٹس نعمت اﷲ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضا، اے ڈی منیر عباس، فنانس منیجر امجد خان ڈی ایس او کوہاٹ سکند رشاہ ، ڈی ایس او نوشہرہ ذاکر، صوبائی کوچ شفقت اﷲ، یوتھ آفیسر کوہاٹ اعزازعلی ،صوبائی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر فقیر محمد،سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ،افتتاح کے موقع پر امن کاپیغام دینے کے حوالے سے کبوتروںکو ہوا میں چھوڑا گیا، جبکہ سٹیڈیم میںموجود تمام دستوںنے مارچ پاسٹ کرکے مہمان خصوصی کوسلامی پیش کی اور ساتھ ہی پاکستان کاترانہ بجایا گیا،دوسری جانب سٹیڈیم کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا ،افتتاحی تقریب کے موقع پر کھلاڑیوںنے رسہ کشی،مارشل آرٹ اور جمناسٹک کا زبرست مظاہرہ کیا جسے شائقین نے بہت سراہا ۔
افتتاحی روز ہنگو نے رسہ کشی کے افتتاحی میچ میں کوہاٹ کو دو ایک سے شکست دی اس موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنیدخان نے بتایا کہ کھیلوں کے یہ میلہ موجودہ حکومت کی جانب سے تیسرایڈیشن ہے انڈر 23گیمز صوبے کی سطح پر سب سے بڑا کھیلوں کامیلہ ہے جسمیں صوبہ بھر کے 9ہزار اتھلیٹ حصہ لے رہی ہے،انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوںکی ترقی اور کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لئے بہترین مواقع فراہم کررہی ہے جبکہ کھلاڑیوں کو ہرقسم کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے جس میں مفت ٹریک سوٹ ، شوز ،ٹی اے اینڈ ڈی اے کے علاوہ نقدانعامات اور جتنے والے کھلاڑیوں کیلئے ایجوکیشن کی مفت سکالرشپ بھی دی جارہی ہے ، جنیدخان نے کہاہے کہ انڈر 23گیمز کے حوالے سے سات ڈویژن میں مرد وخواتین کے مقابلے اپریل کے آخر تک مکمل ہوجائیں گے جسکے بعد ہر ریجن کی ایک ایک ٹیم پشاور میں انٹر ریجنل مقابلوں میںحصہ لے گی،جہاں پر ایک پروقار تقریب میںجیتنے والوں کیلئے انعامات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائے گی ۔