آئی سی سی نے وارنر، ڈی کوک جھگڑے کا نوٹس لے لیا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے ڈربن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ڈیوڈ وارنز اور جنوبی افریقی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے درمیان جھگڑے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈربن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں کینگروز نے پروٹیز کوباآسانی 118 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی لیکن وارنر اور ڈی کوک کے درمیان جھگڑے نے اس فتح کا مزہ کرکرا کردیا۔

میچ کے دوران آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو رن آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا اور ان کے حد سے زیادہ جارحانہ رویے پر جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ آسٹریلین کمنٹیٹرز نے بھی تعجب کا اظہار کیا۔

تاہم میچ کے چوتھے دن چائے کے وقفے پر ڈریسنگ روم جاتے ہوئے ڈیوڈ وارنر اور کوئنٹن ڈی کوک کے درمیان تکرار ہوئی اور آسٹریلین اوپنر برہم نظر آئے جس پر ساتھی کرکٹرز نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔

آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے دعویٰ کیا کہ ڈی کوک نے وارنر کی بیوی کے بارے میں نازیبا الفاظ ادا کیے تھے جس کی وجہ سے ڈیوڈ وارنر نے ناراضی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن ڈی کوک نے وارنر کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنایا جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ادھر جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے کھیل کی روھ کے منافی قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ میچ آفیشلز نے دن کا کھیل ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کے منیجرز کو طلب کر کے کھیل کو اس کی اصل روح کے مطابق کھیلنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ آئی سی سی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

تعارف: newseditor