یہ کونسی دو ٹیموں کے کھلاڑی لڑ رہے ہیں؟کرکٹ کی تاریخ، کا ایک اور سیاہ دن

ڈربن(سپورٹس لنک رپورٹ): آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوائنٹن ڈی کوک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔ 

آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کے درمیان گراؤنڈ کے اندر ہونے والی تلخی گراؤنڈ کے باہر تک جا پہنچی۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز چائے کے وقفے کے دوران ڈریسنگ روم جارہے تھے کہ اس دوران اچانک ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر ڈی کوک پر جملے کسنا شروع کردیے۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسٹریلوی بلے باز وارنر  نے ڈی کوک پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں پیچھے دھکیلا۔

کھلاڑیوں کے درمیان واقعہ کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی تاہم گراؤنڈ کے اندر پروٹیز بلے باز اے بی ڈویلیئرز کو رن آؤٹ کرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے جشن منایا تھا اور ان کے جشن منانے کے انداز پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ واقعےکا جائزہ لے رہےکہ یہ صورت حال کیوں پیدا ہوئی۔

 

تعارف: newseditor