شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائر پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کپتان ڈیرن سیمی کی ریکوری توقع سے زیادہ بہتر ہورہی ہے، جلد وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔شارجہ میں نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن زلمی کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ڈیرن سیمی کے اسکین کلیئر آئے ہیں اور وہ ہماری توقع سے زیادہ تیز بہتری کی جانب گامزن ہیں۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ڈیرن سیمی کی انجری زیادہ سنگین نہیں اور وہ زیادہ دیر تک ٹیم سے باہر نہیں رہیں گے، امید ہے آنے والے میچز میں وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر سیمی کی عدم موجودگی میں محمد حفیظ ٹیم کو آگے لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، وہ قومی کرکٹ ٹیم کے بھی کپتان رہ چکے ہیں اور انہیں کرکٹ کی بہت زیادہ سمجھ ہے۔محمد اکرم نے فاسٹ بولر حسن علی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے وہ میچز کھیلتا جائے گا اس کی پرفارمنس میں نکھار آتا جائے گا، انجری سے واپس آنے والے کھلاڑی کو ردھم پکڑنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے۔پی ایس ایل تھری کے ابتدائی میچز میں شاندار کارکردگی کی بدولت توجہ حاصل کرنے والے نوجوان اسپنر ابتسام شیخ کو آرام دینے کے حوالے سے کوچ محمد اکرم نے کہا کہ ’’ہم اسے لے کر آئے ہیں اور گروم کررہے ہیں، وہ پاکستان کے لیے اثاثہ ہے، فرنچائز کرکٹ میں مجبوری ہوتی ہے کہ آپ صرف ایک ایمرجنگ کھلاڑی کھلاسکتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر نوجوان کھلاڑی باہر ہوجاتے ہیں‘‘۔محمد اکرم نے یقین دہانی کرائی کہ ابتسام شیخ اچھے ہاتھوں میں ہے، ثقلین مشتاق کے ساتھ مسلسل سیکھنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کا مستقبل کافی روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ تمیم اقبال اور شبیر رحمان قومی ٹیم میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش واپس چلے گئے ہیں اور یہ سلسلہ پوری لیگ کے دوران چلتا رہتا ہے۔